خوبصورت زندگی ، بہتر زمانے کے لئے
اتّباعِ مصطفےٰؐ ہے ہر زمانے کے لئے
آدمیّت ان کے احسانوں کے آنگن میں پلی
قبلہ گاہِ عشق ان کا گھر زمانے کے لئے
جس نے پہنا ، دین و دنیا کا حسیں وہ بن گیا
آپ ؐ کا سایہ بھی ہے زیور زمانے کے لئے
رحمت اللّعالمیں جیسا نبیؐ درکار تھا
اس قدر ظالم غبی خود سر زمانے کے لئے
ایک جانب ساری دنیا ایک جانب صرف وہ
انکی تنہائی بھی تھی لشکر زمانے کے لئے
اب مظفر سکّہء آقاؐ چلے گا حشر تک
اب نہیں آئیں گے پیغمبر زمانے کے لئے
شاعر کا نام :- مظفر وارثی
کتاب کا نام :- صاحبِ تاج