مولا کی عنایت کی نظر لے کے چلا ہوں
’’آقاؐ کی عنایت کی نظر لے کے چلا ہوں‘‘
طیبہ کی زمیں کیف فزا مجھ کو ہوئی ہے
طیبہ کی عنایت کی نظر لے کے چلا ہوں
ہے چشمِ بصیرت کو ملا نورِ منوّر
بطحا کی عنایت کی نظر لے کے چلا ہوں
جو سروَرَقِ وحیِ خداوندِ نبیؐ ہے
اقرا کی عنایت کی نظر لے کے چلا ہوں
یہ مجھ کو دکھائے گی مدینے کے نظارے
اللہ کی عنایت کی نظر لے کے چلا ہوں
شاعر کا نام :- پروفیسر محمد طاہر صدیقی
کتاب کا نام :- طرحِ نعت