شہرِ نبی کی جب سے لگن اور بڑھ گئی
میرے قلم کی مشقِ سخن اور بڑھ گئی
نعتِ حضور کہتے ہوئے روحِ نعت گو
سوئے بہارِ باغِ عدن اور بڑھ گئی
جب سے عطائے نعت کا یہ سلسلہ بڑھا
امیدِ دیدِ شاہِ زمن اور بڑھ گئی
جب سے ملی ہے نسبتِ نعلینِ مصطفٰی
اُس دن سے شانِ نیل گگن اور بڑھ گئی
خوشبوئے ذکرِ سیدِ کونین پر فدا
مہکا دیا ہمارا بدن، اور بڑھ گئی
مقروضِ حسنِ گنبدِ خضرٰی ہے کائنات
اُس کے طفیل اِس کی پھبن اور بڑھ گئی
اِس راز کا امیں ہے فقط شہرِ مصطفٰی
کیوں زینتِ بہارِ چمن اور بڑھ گئی
شاعر کا نام :- حافظ محمد ابوبکر تبسمؔ
کتاب کا نام :- حسن الکلام فی مدح خیر الانامؐ