اٹھا کر ہاتھ لوگوں میں دُعائیں بانٹ دیتا ہے
وہ سُورج کی طرح اپنی شعاعیں بانٹ دیتا ہے
اتر جاتی ہے جب لفظوں کے سر سے نور کی چادر
وہ خوشبو سے دھلی ان میں ردائیں بانٹ دیتا ہے
کسی بستی کے اندر جب اندھیرے سر اٹھاتے ہیں
وہ اُس بستی میں کتنی ہی ضیائیں بانٹ دیتا ہے
بچا کر شام تک کچھ بھی نہیں رکھتا خزانوں میں
وہ دونوں ہاتھ سے اپنی عطائیں بانٹ دیتا ہے
زیادہ منتظر رکھتا نہیں صحرا نشینوں کو
وہ ٹھنڈی اور جاں پرور ہوائیں بانٹ دیتا ہے
زمیں کے باسیوں میں عرش سے اتری ہوئی انجم
کُھلے دل سے وہ جنت کی فضائیں بانٹ دیتا ہے
شاعر کا نام :- انجم نیازی
کتاب کا نام :- حرا کی خوشبُو