وہ اُجالے جو نورِ نبی سے ہوئے
کتنے روشن دیے ،روشنی سے ہوئے
جب سے دیکھی ہے حسنِ محمد کی ضو
پھر نہ مرعوب ہم ہر کسی سے ہوئے
سر جھکایا درِ شاہِ ابرار پر
لُطف اندوز ہم بندگی سے ہوئے
گو تصور ہے لیکن یہ پُر لطف ہے
رابطے اُن کی مہکی گلی سے ہوئے
ذلتیں ساری وجہِ تکبّر سے ہیں
جتنے اُونچے ہوئے عاجزی سے ہوئے
سُن کے حسانؓ و جامیؒ و بُوصیریؒ کو
کتنے محظوظ ہم شاعری سے ہوئے
آپ کا نامِ نامی جلیل ایسا ہے
جس پہ قُربان ہم سب خوشی سے ہوئے
شاعر کا نام :- حافظ عبدالجلیل
کتاب کا نام :- لمعاتِ مدحت