جہاں میں نورِ حمیت کو عام کس نے کیا
ہلالِ صبر کو ماہِ تمام کس نے کیا
دل و جگر کے سبھی داغ بن گئے ہیں چراغ
یہ آج ذکرِ اسیرانِ شام کس نے کیا
جلے ہیں دشت میں ہر سو دیئے بہاروں کے
کوئی بتاؤ کہ یہ اہتمام کس نے کیا
سنایا کس نے کلامِ خدا بنوکِ سناں
بزیرِ تیغ قعود و قیام کس نے کیا
سکوتِ مرگ کو کس نے بنایا نغمہء جاں
سفالِ سوز کو کاس الکرام کس نے کیا
شاعر کا نام :- حفیظ تائب
کتاب کا نام :- اَصحاَبِی کَاالنُّجُوم