جتنا حسِین نام ہے مولا حسین ؑ کا
اُتنا عظیم کام ہے مولا حسین ؑ کا
آئے نہ کوئی آنچ بھی دین رسولؐ پر
یہ بھی تو اک پیام ہے مولا حسین ؑ کا
لاکھوں فقیر آتے ہیں ان کے مزار پر
لطف و کرم جو عام ہے مولا حسینؑ کا
رُتبہ ہے انبیاء میں جو خیر الانامؐ کا
جنت میں وہ مقام ہے مولا حسین ؑ کا
خلد بریں ملے گی تو اِذنِ امامؑ سے
کوثر کا بھی تو جام ہے مولا حسین ؑ کا
ہو دیکھنا نصیب مجھے روضہ امامؑ
مرکز یہ خاص و عام ہے مولا حسینؑ کا
ہم کو درِ امامؑ کی ہو حاضری نصیب
اپنا تو غم تمام ہے مولا حسین ؑ کا
ہے آرزو مجیدؔ کی یہ مرتبہ ملے
سب ہی کہیں غلام ہے مولا حسین ؑ کا
شاعر کا نام :- عبد المجید چٹھہ
کتاب کا نام :- عکسِ بو تراب