کعبہ دل قبلہ جاں طاق ابروئے علی
ہو بہو قرآن ناطق مصحف روئے علی
خاک کے ذروں میں عطر بو ترابی کی مہک
باغ کے ہر پھول سے آتی ہے خوشبوئے علی
اے صبا! کیا یاد فرمایا ہے مولانے مجھے
آج میرا دل کھنچا جاتا ہے کیوں سوئے علی
دامن فردوس ہے ہر گوشہ شہر نجف
ہے مقیم خلد گویا ساکن کوئے علی
کیوں نہ ہوں کونین کی آزادیاں اس پر نثار
ہے دل بیدم اس پر دام گوئے علی
شاعر کا نام :- بیدم شاہ وارثی
کتاب کا نام :- کلام بیدم