السَّلام اے نسبتِ تو تاجِ عشق
السَّلام اےدیدِ تو معراجِ عشق
السَّلام اے صادقُ الوعُد الامیں
السَّلام اے رحمتہً للعَالمیں
السَّلام اےپیکرِ جو دو سخا
السَّلام اےقاسِم مِلک ِ خدا
السَّلام اےشافعِ روز حساب
السَّلام اے حاصلِ اُمُّ الکتاب
السَّلام اے صاحبِ خُلقِ عظیم
السَّلام اے صَاحبِ لطفِ عمیم
السَّلام اےواقفِ اسرارِ کُل
السَّلام اےمالک و مختارِ کُل
گر گئے ہیں ہم کَرم فرمائیے
دُور سارے درد و غم فرمائیے
ہر قدم پر اک نئی افتاد ہے
المدد فریاد رس فریاد ہے
آپ ہی ہیں بے امانوں کی اماں
آپ کا در چھوڑ کر جائیں کہاں
اپنے دامن میں چھُپا لیں یانبیؐ
نارِ دوزخ سے بچا لیں یا نبیؐ
جاں کنی کے وقت ہوں گی سختیاں
لے نہ ڈوبیں ہم کو تیرہ بختیاں
موت جب آئے تو آجانا حضورؐ
اپنی صُورت ہم کو دکھلانا حضورؐ
قبر کا بھی مرحلہ ہے ہولنا ک
خاک میں جس وقت یہ پہنچے گی خاک
آئیں گے پُرسش کو جب منکر نکیر
کیا کہیں گے ہم عمل میں ہیں فقیر
ہوں گے عاجز ہم جوابِ قبر سے
تم بچا لینا عذاب ِ قبر سے
جب سوا نیزے پہ ہوگا آفتاب
کر رہے ہوں گے جہاں سب آب آب
اپنے دامن میں چھُپا لینا ہمیں
جام کوثر کو پلا دینا ہمیں
جب تُلیں اعمالِ بد میزان پر
جب ندامت سے جُھکے جاتے ہوں سر
آپ آجائیں شفاعت کے لئے
آپ ہی رحمت ہیں اُمت کے لئے
آپ ہی کی دو جہاں میں آس ہے
اور ورنہ کیا ہمارے پاس ہے
السَّلام اے آبروئے دو جہاں
السَّلام اےپردہ دارِ عاصیاں
السَّلام اےبیکسوں کے داد رس
السَّلام اےدہر کے فریاد رَس
شاعر کا نام :- خالد محمود خالد
کتاب کا نام :- قدم قدم سجدے