یاخدا! پاک وطن کی تو حفاظت فرما
فضل کر اس پہ سدا سایۂ رحمت فرما
مرحبا پاک وطن پاک وطن پاکستان
دے ترقی تو عنایت اسے برکت فرما
لطف سے تیرے ملی پاک وطن کی سوغات
فضل سے اب مجھے جنت بھی عنایت فرما
اس کو تو قلعۂ اسلام بناد ے یا رب!
میرے پیارے وطن پاک پہ رحمت فرما
شکر صد شکر غلامی سے ملی آزادی
پھر عنایت ہمیں کھوئی ہوئی شوکت فرما
آج ہے اَمن، وطن کا مرے پارہ پارہ
پھر مہیا مرے مولیٰ اِسے راحت فرما
ہائے! بدمست گناہوں میں ہوئے اہل وطن
یاخدا سب کو عطا نیک ہدایت فرما
چور ڈاکو سے مرے پاک وطن کو کر پاک
ملک سے دور تو رشوت کی نحوست فرما
بچہ بچہ ہو نمازی مرے پاکستاں کا
اور عطا جذبۂ پابندیِ سنت فرما
واسطہ شاہِ مدینہ کا اے پیارے اللہ
دور عطارؔ سے دنیا کی محبت فرما
شاعر کا نام :- الیاس عطار قادری
کتاب کا نام :- وسائلِ فِردوس