آپ محبُوب خُدا ، یا مُصطفےٰؐ
ہو گیا دِل آپ کا ، یا مُصطےٰؐ
وہ حقیقت میں کہا اللہ نے
آپ نے جو کُچھ کہا ، یا مُصطفےٰؐ
آپ پر اور آپ کے فرمان پر
جان و دل سے ہم فدا، یا مُصطفےٰؐ
آپ کے نقشِ قدم پر ہم چلیں
آپ سب کے رہ نما ، یا مُصطفےٰؐ
والیان ِ ملک ، سلطاں ، تاجور
آپ کے در کے گدا ، یا مُصطفے
اُمّتوں میں افضل اُمّت آپ کی
آپ شاہِ انبیا، یا مُصطفےٰؐ
دینِ حق کی آپ نے تعلیم دی
آپ حق ہیں حق نما یا مُصطفےٰؐ
آپ ہی نے تو کِیا انسان کو
خود نگر خود آشنا یا مصطفےٰؐ
آپ پر ہیں ختم ساری عظمتیں
تھا ، نہ ہوگا، آپ سا یا مُصطفےٰؐ
ہر گھڑی مَیں آپ پر بھیجوں درود
دِل کہے ، صلِّ علیٰ ، یا مُصطفےٰؐ
شاعر کا نام :- مظفر وارثی
کتاب کا نام :- کعبۂ عشق