بعدِ خدا بزرگ ہے عالم میں جس کی ذات
ایسا پیمبروں کا پیمبر ملا مجھے
مختارِ کائنات کی چوکھٹ پہ بے گماں
جود و سخا و فیض کا ساگر ملا مجھے
دل کے مکاں میں کیوں نہ اجالا ہو چار سو
طیبہ کا جب کہ ماہِ منوّر ملا مجھے
نازاں ہوں اپنی خوبیِ قسمت پہ دم بدم
کون و مکاں کا مالک و سرور ملا مجھے
ہے جس کی یاوری کا یہ محتاج کل جہاں
فضلِ خدا سے ایسا ہی یاور ملا مجھے
جچتے نہیں نگاہ میں خورشید، مہر و ماہ
طیبہ کا جب سے خاور و اختر ملا مجھے
دیکھا ہے جس نے گنبدِ خضریٰ کو بار بار
قسمت کا اپنی وہ تو سکندر ملا مجھے
ہے جس کے سر پر تاجِ فضیلت سجا ہوا
رکھنے کو اس کے روضے پہ یہ سر ملا مجھے
خاک درِ نبی کی طرح جس میں ہو مہک
دنیا میں ایسا مشک، نہ عنبر ملا مجھے
قسمت پہ اپنی ناز کروں کیوں نہ میں طفیلؔ
مرشد ملا تو فاضلِ ازہر ملا مجھے
شاعر کا نام :- مولانا طفیل احمد مصباحی
کتاب کا نام :- حَرفِ مِدحَت