فُزوں ہیں رتبے میں شاہانِ ہفت کشور سے
جِنہیں گدائی مِلی آپؐ کی مُقدّر سے
وہی ہیں یار و مددگار بے سہاروں کے
گناہ گار نہ گھبرائیں خوفِ محشر سے
تمہارے قدموں کا دھووَن ہے خُلد کی رَونق
قمر نے روشنی پائی ہے روئے انور سے
حُضورؐ ساقئ کوثر ہیں تِشنگی کیسی
ہم اپنی پیاس بجھائیں گے جامِ کوثر سے
لیا جو نام نبیؐ رحمَتوں نے گھیر لیا
زمانے بھر کی بلائیں ٹِلیں مرے سر سے
نبی کی یاد نے ہر غم سے بے نیاز کیا
خدا کا قُرب بھی پایا تو ذِکرِ سرور سے
گناہ گار و سیہ کار ہُوں مگر خالِؔد
مُجھے کرم کی ہے اُمید بندہ پرور سے
شاعر کا نام :- خالد محمود خالد
کتاب کا نام :- قدم قدم سجدے