جہانِ فتنہ و شر میں وہ گونجا خطبۂ خیر

جہانِ فتنہ و شر میں وہ گونجا خطبۂ خیر

ظلامِ ظلم و ستم میں وہ چمکا جلوۂ خیر


افق افق پہ ہے اب بھی وہ روشنی کی دلیل

شبِ ربیع جو ابھرا تھا ایک لمعۂ خیر


جہانِ زیر و زبر میں وہ کلمۂ تمجید

بلا کے قحطِ صدا میں قسیمِ جذبۂ خیر


فلاحِ نوعِ بشر ہے انہی کے در سے جڑی

ہے خیر بارِ دوعالم انہی کا اسوۂ خیر


چلو چلو کہ شہِ دو سرا کی رہ پہ چلیں

نشانِ فوز وہی ہیں وہی ہیں قدوۂ خیر


رجالِ خیر بھی کرتے ان کے در کا طواف

وہی ہیں جانِ محبت وہی ہیں کعبۂ خیر


انہی کا قول ہے فیصل، عمل انہی کا ہے تام

کتاب ان کی ہدایت وہی صحیفۂ خیر


بلند بخت تھے انساں جو ان کے ساتھ رہے

خوشا وہ عصرِ منوّر زہے زمانۂ خیر


ظفر ازل سے ہے خانہ زادِ آلِ عبا

رہے گا تا بہ ابد ہی گلے میں حلقۂ خیر

شاعر کا نام :- محمد ظفراقبال نوری

کتاب کا نام :- مصحفِ ثنا

دیگر کلام

دُعا کو بابِ اثر سے گزار کر دیکھو

مِرے مشتاقؔ کو کوئی دوا دو یارسولَ اللہ

یہ سلسلہ صدق و صفا کس سے ملا ہے؟

یہ دنیا میرے دل کی تم بسا دو یارسول اللہ

ہونٹوں پہ ہمیشہ سے ہیں تذکارِ مدینہ

جُود و عطا میں فرد، وہ شاہِؐ حجاز ہے

راہِ طیبہ میں بے قراروں کو

اماوسوں کے نشاں مٹاتی ہے نعت اُن کی

درودوں سلاموں سے مہکی ہوا ہے

الصُّبْحُ بدَا مِنْ طَلْعَتِہ