مقصودِ زندگی ہے اِطاعت رسوؐل کی
معراج ِ بندگی ہے محبت رسوؐل کی
کو تاہئ عمل کا مُجھے خاص غم نہیں
کافی ہے میرے واسطے نسبت رسوؐل کی
اُن کے کرم کی شان کِسی میں کہیں نہیں
مُجرم کو ڈھونڈتی ہے شفاعت رسوؐل کی
ہر آڑے وقت رحمت عالم کو یاد کر
تجھ سے بہت قریب ہے رحمت رسوؐل کی
ایمان و آگہی جِسے کہتا ہے یہ جہاں
اُلفت رسول کی ہے وہ اُلفت رسوؐل کی
ارشادِ مَنْ رَاٰنِی سے ثابت ہو ا یہ راز
دیدار ہے خدا کا زیارت رسوؐل کی
مُختارِ کائنات کوئی اَور تو نہیں
دُنیا رسول کی ہے تو جنت رسوؐل کی
سر پر رکھے وہ تاجِ شفاعت جب آئیں گے
دیکھیں گے شان روزِ قیامت رسؐول کی
خالِدؔ جو مَوت آئے تو آئے کچھ اس طرح
پیشِ نظر رہے مِرے صورت رسوؐل کی
شاعر کا نام :- خالد محمود خالد
کتاب کا نام :- قدم قدم سجدے