تمہارا نام نامی نقش ہے وجدان پر میرے
مرا قلب حزیں آنسو بہاتا ہے
مری آنکھوں کے آنسو یاد کی وادی میں رقصاں ہیں
مری فکر و نظر کے زخم قندیل محبت ہیں
مجھے معلوم ہے ان سب کی قسمت ہے فنا ہونا
(مگر)
تو واحد ہے (خدا کی بارگاہِ جلوہ ساماں میں)
تو غائب بھی ہے حاضر بھی
تو غائب ہے ضمیر عبد عاجز میں
تو غائب ہے مرے قلب حزیں کی گہری وادی میں
مری بیداریوں میں تو ہی حاضر ہے
مری آنکھوں کی بیداری تُجھی سے ہے
مری عقل و شعور و آگاہی بیدار ہیں تجھ سے
تو میری ذات میں حاضر
میرے وجدان میں حاضر
تو غائب بھی ہے حاضر بھی
شاعر کا نام :- ابو الخیر کشفی
کتاب کا نام :- نسبت