تھا مِہر صِفَت قافلہ سالار کا چہرہ

تھا مِہر صِفَت قافلہ سالار کا چہرہ

نیزے پہ دمکتا رہا ، سردار کا چہرہ


وہ آئنہ تھا چہرہء شبیر کہ جس میں

آتا تھا نظر ، حیدرِ کرّار کا چہرہ


صد حیف وہ خود یُوں بھرے بازار سے گُزرے

جس گھر نے نہ دیکھا کبھی، بازار کا چہرہ


ہے پیاس کی شدّت ، وہ سکینہ کے لبوں پر

مثلِ عَلَم اُترا ہے، علمدار کا چہرہ


آثار کچھ ایسے تھے زینب کی نظر سے

دیکھا نہ گیا ، عابدِ بیمار کا چہرہ


اشکوں کی طرح تھے جو ستارے شبِ عاشُور

تھا چاند بھی اک اُں کے عزادار کا چہرہ


وہ خُطبہء زینب کہ علی بول رہے تھے

ہر لفظ پہ فق تھا ، بھرے دربار کا چہرہ


دیکھو گے خورشیدِ قیامت کے مقابل

لَو دے گا نصیؔر اُن کے پرستار کا چہرہ

شاعر کا نام :- سید نصیرالدیں نصیر

کتاب کا نام :- فیضِ نسبت

دیگر کلام

تیری خیر ہو وے اے شہنشاہا اج خیر اساں لے جانی ایں

وِردِ زباں ہے میرے وظیفہ علی علی

دلوں کے سہارے توآنکھوں کے تارے

واجاں پئی مار دی اے سخاوت فرید دی

خُون رسول دا اے

جب اندھیروں کے سبب کُچھ بھی نہیں تھا روشن

پانی کی جو اک بوند کو ترسا لبِ دریا

بنا جو عزم کی پہچان حق کے دیں کیلئے

تلوار

کعبہ دل قبلہ جاں طاق ابروئے علی