عشق کی منزل عشق کا رہبر عشق کا عنواں کون ؟ محمد
ہادئ و رہبر داورِ محشر عظمتِ انساں کون ؟ محمد
عرش پہ پہنچا اپنے رب کا بن کر مہماں کون ؟ محمد
فرش پہ اُمت کے غم میں ہے دیدۂ گریاں کون ؟ محمد
علم و عطا وہ ، راہِ ہدیٰ وہ ، مہرِ حرم وہ، ماہِ حرا وہ
روحِ دعا وہ ، صلِّ علیٰ وہ ، درد کا درماں کون ؟ محمد
قبر کا منظر وہ تاریکی جس میں ہاتھ کو ہاتھ نہ سوجھے
اس اندھیارے میں بھی کریں گے شمعِ فروزاں کون ؟ محمد
بول سنہرے ، رنگ میں گہرے ، قلب میں ٹھہرے ، آنکھ میں تیرے
صوت و صدا وہ لحن و نوا وہ نغمۂ قرآں کون ؟ محمد
کیا ماضی اور حال کی دنیا جو مستقبل میں بھی کرے گا
ہر انساں کی مشکل آساں ، ایسا انساں کون ؟ محمد
ہم نے ادیبؔ اتنا ہی کہہ کر طوفاں سے چھٹکارا پایا
جانتی ہے اے موجِ حوادث ، میرا نگہباں کون ؟ محمد
شاعر کا نام :- حضرت ادیب رائے پوری
کتاب کا نام :- خوشبوئے ادیب