تازہ امنگ جاگی دِل عندلیب میں
دیکھی بہارِ جلوہ جو روضِ حبیبؐ میں
اُس کے سُرور ہی سے نہ نکلوں تمام عمر
اک بار ہو جو ان کی زیارت نصیب میں
ان دوریوں کو رنگِ حضوری عطا کریں
ہمت سفر کی اب نہیں باقی غریب میں
کردار بے مثال تو گفتار لاجواب
ہر وصف تھا کمال پہ حق کے حبیبؐ میں
دیکھی سَحر اذان بلالی پہ پھوٹتی
کیا بات تھی رسولِؐ خدا کے نقیب میں
فکرو نظر کو ملتی ہے تائبؔ وہیں جِلا
جو شہر ہے نہایا ہوا نور و طِیب میں
شاعر کا نام :- حفیظ تائب
کتاب کا نام :- کلیاتِ حفیظ تائب