محبوب خدا سید و سرور کے برابر
لاؤ تو کوئی میرے پیمبر کے برابر
لاکھوں ہیں زمانے میں سکندر کے برابر
کوئی نہیں آتا ترے نوکر کے برابر
رشک آتا فردوس مکینوں کو بھی ان پر
رہتے ہیں جو خوش بخت ترے گھر کے برابر
جبریل امیں کرتے ہیں جس در کی غلامی
اے کاش رہوں میں بھی اسی در کے برابر
سرکار کی رحمت سے میں مایوس نہیں ہوں
ہیں گرچہ گناہ میرے سمندر کے برابر
کعبے میں ولادت ہوئی مسجد میں شہادت
ہو گا نہ ہوا کوئی بھی حیدر کے برابر
ہر روز اٹھاتے ہیں حضوری کے مزے جو
ہے کون بھلا ان کے مقدر کے برابر
تابانی خورشید فلک خوب ہے لیکن
کیا تاب کہ ہو روئے پیمبر کے برابر
نادان انہیں اپنا سا کہتے ہیں نیازی
ذرہ نہیں ہوتا کبھی گوہر کے برابر
شاعر کا نام :- عبدالستار نیازی
کتاب کا نام :- کلیات نیازی