حُسنِ رسول پاک کی تنویر دیکھئے
اللہ کے جمَال کی تصوِیر دیکھئے
ان کی عطا سے مہر ِ جہاں تاب ہو گیا
سرکار کے غلام کی تقدیر دیکھئے
مختارِ کُل کیا ہے خدا نے حبیب کو
دونوں جہاں ہیں آپ کی جاگیر دیکھئے
والّشمس وَ الضّحےٰ سے عبارت ہے اَور کیا
رُخسارِ مصطفےٰ کی ہیں تفسیر دیکھئے
ان کے سِوا ہیں اَور ہر اک شے سے بے نیاز
ہاں دیکھئے گداؤں کی تو قیر دیکھئے
کچھ رخصتِ سفر بھی عطا کیجئے حضور
حالات کی بھی پاؤں میں زنجیر دیکھئے
خالِدؔ نہ درمیاں ہو اگر ان کا واسطہ!
مِلتی نہیں دعاؤں کو تاثیر دیکھئے
شاعر کا نام :- خالد محمود خالد
کتاب کا نام :- قدم قدم سجدے